Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

شدید برفباری اور بے پناہ رش، سیاحوں کو مری، گلیات جانے سے روک دیا گیا

شدید برفباری اور بے پناہ رش، سیاحوں کو مری، گلیات جانے سے روک دیا گیا
شدید برفباری کے باعث ایبٹ آباد سے مری جانے والے سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

مری اور گلیات میں شدید برفباری اور ٹریفک کی خراب صورتحال کے باعث مقامی انتظامیہ نے سیاحوں کی گاڑیوں کو اسلام آباد سے ایکسپریس وے کے راستے مری جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحتی مقام کی جانب سفر سے فی الوقت گریز کریں۔

جمعے کی رات مری میں موجود چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے اردو نیوز کو فون پر بتایا کہ شہر میں شدید برفباری کے باعث ٹریفک کو رواں رکھنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس، مقامی انتظامیہ اور موٹر وے پولیس کے اہلکار اسلام آباد سے مری آنے والے ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے سرگرم ہیں تاہم شدید برفباری اور پھسلن کے باعث سڑکوں پر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر سترہ میل ٹول پلازہ سے داخل ہونے والے سیاحوں اور ڈرائیورز کو موٹروے پولیس اہلکار شدید برفباری اور بے پناہ رش کی وجہ سے واپس بھیج رہے ہیں۔

ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر سیاحوں کی مزید گاڑیوں کو مری ایکسپریس وے کے راستے شہر میں داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پہلے سے موجود گاڑیوں اور ٹریفک کو رواں رکھا جا سکے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ ’یہ فیصلہ مری میں سیاحوں کے رش اور ٹریفک جام کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔‘

https://www.urdunews.com/node/633656

Post a Comment for "شدید برفباری اور بے پناہ رش، سیاحوں کو مری، گلیات جانے سے روک دیا گیا"